کورونا وائرس: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈ کپ ملتوی کر دیا

نٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے کورونا وائرس کی وباء کو جواز بنا کر 
آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی کر دیا۔

نٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایونٹس اب 2021 اور 2022 میں ہوں گے۔ 2021 اور 2022 کے ورلڈ ٹی ٹوئٹی ایونٹس کے میزبان ملک کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا البتہ شیڈول کے مطابق 2021 کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھارت میں ہونا تھا۔
بھارت میں ہونے والے 2023 ورلڈ کپ (50 اوورز) کی تاریخ کو بھی چھ ماہ آگے بڑھا دیا گیا ہے اب 2023 کا ورلڈ کپ فروری مارچ کی بجائے اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آئندہ سال فروری میں نیوزی لینڈ نے ویمن ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے لیکن ابھی اسے ملتوی نہیں کیا گیا اور آئی سی سی نے امید ظاہر کی کہ یہ ایونٹ شیڈول کے مطابق منعقد ہو گا۔
کورونا کی وبا اور تاحال کوئی ویکسین یا علاج دریافت نہ ہونے کے سبب خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جلد ہی 16 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ کے التوا کا اعلان کردیا جائے گا۔
ایونٹ کے التوا کے امکانات اس وقت زیادہ بڑھ گئے تھے جب جون میں کرکٹ آسٹریلیا کے ایرل ایڈنگز نے ایونٹ کے انعقاد کی صورت میں انتہائی خطرے کا عندیا دیا تھا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے بھی کہا تھا کہ ٹی20 ورلڈ کب کا انعقاد غیرحقیقی محسوس ہوتا ہے۔
دنیا کے دیگر ملکوں کی نسبت آسٹریلیا کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا ہے اور وہاں اس وقت 3 ہزار 26 فعال کیسز موجود ہیں البتہ خطرے کے سبب میلبرن اور اس کے گرد و نواح میں دوبارہ لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جبکہ نیو ساؤتھ ویلز میں بھی کیسز بڑھ رہے ہیں۔
ایونٹ میں شریک ہونے والے ملکوں میں بھارت، جنوبی افریقہ اور پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور ایسے میں دنیا کی 16 ٹیموں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا انتہائی مشکل اور خطرہ بہت زیادہ ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اس سال اپریل میں آئی پی ایل کے ملتوی ہونے کے بعد سے اسی کوشش میں مصروف رہا ہے کہ کسی طرح وہ اس سال آئی پی ایل کے انعقاد کو یقینی بنا سکے۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے لیے آئی پی ایل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ یہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تھا کیونکہ اس سال ستمبر سے نومبر تک کے علاوہ کوئی ایسا دوسرا موقع موجود نہیں جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کرا سکے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کو یقینی بنانے کی خاطر ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں بھی غیرمعمولی عدم دلچسپی ظاہر کی تھی۔ یہاں تک کہ ایشیا کپ کا میزبان اور ایشین کرکٹ بورڈ کا صدر نہ ہونے کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے ملتوی کیے جانے کے باضابطہ اعلان سے ایک روز قبل خود ہی یہ اعلان کر دیا کہ اس سال ایشیا کپ منعقد نہیں ہوسکے گا۔
کورونا وائرس کے سبب اولمپکس 2020، یورو کپ ٹی20، کنفیڈریشن کپ، ومبلڈن اوپن اور دیگر اہم مقابلے ملتوی کیے جا چکے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

;